امن معاہدہ، قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی پیر سے شروع ہوگی، ٹرمپ کا اعلان

3 hours ago

امن معاہدہ، قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی پیر سے شروع ہوگی، ٹرمپ کا اعلان

تمام ممالک غزہ کی بحالی کیلیے اپنا کردار ادا کریں گے
امن معاہدہ، قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی پیر سے شروع ہوگی، ٹرمپ کا اعلان

ویب ڈیسک

|

9 Oct 2025

حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فریقین کے درمیان یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ ممکنہ طور پر پیر سے شروع ہو جائے گا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کی طرف ایک بڑا قدم ہے، جس کے تحت مستقل جنگ بندی، انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی، اور غزہ کی تعمیرِ نو شامل ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ “یہ امن کے طویل سفر کی پہلی کامیاب پیشرفت ہے، ہم ہر فریق سے انصاف پر مبنی برتاؤ کریں گے تاکہ خطے میں دیرپا استحکام ممکن ہو سکے۔”

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے تمام شہریوں کی واپسی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے امریکی صدر اور ثالث ممالک قطر، مصر اور ترکی کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب حماس نے ایک بیان میں کہا کہ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے امریکا سمیت تمام ضامن ممالک کو اسرائیل پر دباؤ ڈالنا ہوگا۔ تحریک کے مطابق قابض فوج کے انخلا، قیدیوں کی رہائی اور امدادی سرگرمیوں میں تاخیر کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

امریکی میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی کا عمل ہفتے سے پیر کے درمیان متوقع ہے جبکہ انسانی امداد کے قافلے بھی جلد غزہ میں داخل ہونا شروع ہوجائیں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس معاہدے کو “غزہ میں امن کی بحالی کی امید” قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کا عمل باعزت اور شفاف انداز میں مکمل ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ یہ معاہدہ مصر کے شہر شرم الشیخ میں امریکا، قطر، ترکیہ اور مصر کی سرپرستی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران طے پایا، جسے عالمی سطح پر ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!