کرم تنازع، وزیراعلیٰ نے اختلافات کے باوجود وفاق سے فورس مانگ لی

کرم تنازع، وزیراعلیٰ نے اختلافات کے باوجود وفاق سے فورس مانگ لی

جو بھی امن کو خراب کرے گا اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے، علی امین گنڈا پور
کرم تنازع، وزیراعلیٰ نے اختلافات کے باوجود وفاق سے فورس مانگ لی

ویب ڈیسک

|

30 Nov 2024

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیاسی اختلافات کے باوجود ضلع کرم ، پارا چنار میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاق سے فورس مانگ لی۔

کوہاٹ میں بڑے جرگے میں شرکت کے بعد وزیراعلی خیبرپختونخوا گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ ہیں مگر علاقے میں امن کے لیے وفاقی حکومت ایف سی کے پلاٹونز فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی کہ جو بھی امن کو خراب کرے گا اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے۔صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج علاقے میں امن کے لیے تعینات ہے، فوج، پولیس اور انتظامیہ مل کر علاقے میں پائیدار امن کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں، علاقے میں قائم تمام کے تمام مورچے بلا تفریق ختم کیے جائیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ گرینڈ جرگہ مکمل امن کے قیام تک علاقے میں رہے، صوبائی حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے، جو لوگ علاقے میں امن خراب کر رہے ہیں مقامی کمیونٹی اس کی نشاندہی کرے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ فریقین کے درمیان نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لئے مقامی عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔ علی امین نے اعلان کیا کہ علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ جمع کیا جائے جبکہ سرحدی علاقے کے لوگوں کے پاس موجود اسلحہ بھی امانتاً جمع کیا جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جو بھی ہتھیار اٹھائے گا وہ دہشت گرد کہلائے گا اور ایسے لوگوں کا انجام جہنم ہے، علاقے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان بے گھر افراد کی باعزت واپسی یقینی بنائے گی۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!