6 hours ago
اسرائیل فوج کا فریڈم فلوٹیلا پر بھی حملہ

ویب ڈیسک
|
8 Oct 2025
اسرائیلی افواج نے غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے روانہ ہونے والے فریڈم فلوٹیلا کے جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں انسانی حقوق کے کارکنان، ڈاکٹرز، اور صحافی سوار تھے۔
رپورٹس کے مطابق، “کنسائنس” (Conscience) اور “تھاؤزنڈ میڈلینز” (Thousand Madleens) نامی امدادی جہاز جب غزہ کے ساحل سے تقریباً 120 سمندری میل کے فاصلے پر پہنچے تو اسرائیلی فوج نے ان کا رابطہ نظام جام کر دیا، جس کے نتیجے میں ان جہازوں کی لائیو اسٹریمنگ بند ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق، اسرائیلی نیوی کے مسلح اہلکاروں نے امدادی جہازوں کو گھیر لیا اور ان پر حملہ کیا۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی اہلکار ایک جہاز کے کیمرے پر بندوق مار کر حملے کے مناظر چھپانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق، "کنسائنس" جہاز میں 93 افراد سوار تھے جن میں ڈاکٹرز، صحافی اور انسانی حقوق کے کارکنان شامل تھے۔ یہ جہاز غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور امداد پہنچانے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
فلوٹیلا میں شامل دیگر جہازوں میں "غزہ سن برڈز"، "علاء النجار" اور "انس الشریف" بھی شامل تھے جنہیں اسرائیلی بحریہ نے 220 کلومیٹر دور سمندر میں روک کر قبضے میں لے لیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حال ہی میں “گلوبل صمود فلوٹیلا” کو بھی اسرائیلی فورسز نے روک کر تقریباً 450 کارکنان کو حراست میں لیا تھا۔
حراست میں لیے گئے کارکنان نے بعد ازاں الزام لگایا کہ انہیں اسرائیلی جیل “کتزیعوت” (Ketziot Prison) میں تشدد، بھوک، پیاس اور ادویات کی قلت جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
بین الاقوامی تنظیموں نے اسرائیل کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی جہازوں پر حملہ بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
Comments
0 comment