3 hours ago
خیبرپختونخوا میں خوارج کے حملے میں 11 فوجی جوان شہید،

ویب ڈیسک
|
8 Oct 2025
خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پاکستانی افواج نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 11 بہادر فوجی جوان وطن پر قربان ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے کوہاٹ ڈویژن کے ضلع اورکزئی میں کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ایک مضبوط ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 11 اہلکار، جن میں سینئر افسران بھی شامل تھے، شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (39 سال) اور میجر طیّب راحت (33 سال) شامل ہیں جنہوں نے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری کی مثال قائم کی۔
دیگر شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل (ضلع خیبر)، نائیک عدیل حسین (ضلع کرم)، نائیک گل امیر (ضلع ٹانک)، لانس نائیک شیر خان (ضلع مردان)، لانس نائیک طالش فراز (ضلع مانسہرہ)، لانس نائیک ارشاد حسین (ضلع کرم)، سپاہی طفیل خان (ضلع ملاکنڈ)، سپاہی عاقب علی (ضلع صوابی) اور سپاہی محمد زاہد (ضلع ٹانک) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد کو ختم کیا جاسکے۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور امن کے لیے اپنی قربانیاں جاری رکھیں گی اور دہشتگردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے جوگی چیک پوسٹ، مرغان (مرکزی کرم) کے قریب حملہ کیا، جس کے بعد فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔
آپریشن کے دوران ایک ونگ کمانڈر نے اپنے ساتھیوں کو بچانے کے لیے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا، تاہم شدت پسندوں کی جوابی فائرنگ کے باعث متعدد جوان زخمی بھی ہوئے۔
فوجی حکام نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور آپریشن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ وطن عزیز کو دہشتگردی کے ناسور سے مکمل طور پر پاک کیا جاسکے۔
Comments
0 comment