علیمہ خان نے عمران خان کیلیے بنائے گئے حکومتی میڈیکل بورڈ کو مسترد کر دیا
ویب ڈیسک
|
15 Feb 2026
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے حکومت کی جانب سے طبی بورڈ بنانے کے اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کا علاج صرف ان کے ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی اور خاندان کی موجودگی میں ہونا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں علیمہ خان نے کہا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان کو راولپنڈی کے الشفا آئی اسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ خاندان کسی بھی ایسے میڈیکل بورڈ کو قبول نہیں کرے گا جو حکومت کی طرف سے بنایا گیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ شروع سے ان کا مطالبہ واضح ہے کہ عمران خان کا طبی معائنہ اور علاج ان کے اپنے معالجین کی نگرانی میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کسی ایسی میڈیکل رپورٹ یا نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا جو ان کے بقول حکومتی کنٹرول میں تیار کیے جائیں۔
علیمہ خان نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ عمران خان کے ذاتی ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ماہرین کو کیوں قبول نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے پوچھا کہ ان کے ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی اور اہلِ خانہ کی موجودگی سے کیوں روکا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاندان اس صورتحال پر شدید تشویش میں مبتلا ہے اور یہ سوال کر رہا ہے کہ کہیں کوئی بات چھپائی تو نہیں جا رہی۔
Comments
0 comment