عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی اٹک پولیس نے گرفتاری ڈال دی
ویب ڈیسک
|
6 Dec 2024
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سابق صوبائی وزیر راجا بشارت سمیت دیگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو اٹک پولیس نے گرفتار کرکے پولیس لائنز راولپنڈی منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق عمر ایوب، راجا بشارت اور احمد چٹھہ کو اٹک پولیس نے گرفتار کر لیا، پی ٹی آئی کے مذکورہ رہنماؤں کے خلاف تھانہ انجرا اٹک، حسن ابدال اور حضرو میں دہشت گردی کے تحت مقدمات درج ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ تینوں رہنماؤں کی گرفتاری کے حوالے سے ڈی پی او اٹک نے واٹس ایپ پر راولپنڈی پولیس سے رابطہ کیا اور انہیں اڈیالہ چوکی سے پولیس لائنز راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو پولیس لائنز سے اٹک پولیس کے انسپکٹر مظہر حسین لے کر اٹک روانہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ پولیس نے دہشت گردی کے مقدمات میں عمر ایوب، راجا بشارت اور احمد چٹھہ سمیت دیگر رہنماؤں کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا تھا۔
علاوہ ازیں پی ٹی ائی کارکنان ماجد دھنیال اور ملک عظیم کو تھانہ دھمیال پولیس نے گرفتار کر لیا اور پی ٹی آئی کے دونوں کارکنان کو لے کر انسپیکٹر افضل تھانہ دھمیال روانہ ہوگئے ہیں۔
Comments
0 comment