عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما 9 مئی سمیت تین مقدمات میں بری

عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما 9 مئی سمیت تین مقدمات میں بری

بری ہونے والوں میں شیخ رشید، قاسم سوری، اسد عمر سمیت دیگر رہنما بھی شامل ہیں، دو مقدمات آزادی مارچ کے دوران درج ہوئے
عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما 9 مئی سمیت تین مقدمات میں بری

ویب ڈیسک

|

20 May 2024

اسلام آباد کی مقامی عدالتوں نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کو نو مئی اور آزادی مارچ کے حوالے سے درج مقدمات میں بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے نو مئی اور آزادی مارچ کے دوران تھوڑ پھوڑ کیس میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر عمران خان کو تین کیسز میں بری کیا۔

اس کے ساتھ عدالت نے شیخ رشید ، فیصل جاوید کو بھی تھانہ کوہسار اور تھانہ کراچی کمپنی میں توڑ پھوڑ اور دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف وزری پر درج مقدمات میں بری کردیا۔

ایک مقدمہ تھانہ کوہسار میں آزادی مارچ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا تھا، دوسرا آزادی مارچ کے دوران تھانہ کراچی کمپنی میں درج کیا گیا۔

اس مقدمے میں عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی،فیصل جاوید ، علی نواز اعوان ، سیف اللہ نیازی ، زرتاج گل ، اسد عمر کو بری کردیا۔

اس کے علاوہ تھانہ کھنہ میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر کے خلاف نو مئی کا مقدمہ درج ہوا تھا، عدالت نے عدم شواہد کی بنیاد پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بری کردیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ  ایک ملزم کو بغیر کسی وجہ کے اس کے قانونی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا، پراسیکیوشن کی جانب سے کیس ٹھوس شواہد پر مبنی نہیں ، پراسیکیوشن اگر موجود شواہد ریکارڈ کرواتی ہے تب بھی بانی پی ٹی آئی پر جرم ثابت نہیں ہوتا۔

عدالت نے فیصلے میں مزید لکھا کہ حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے پراسیکیوشن کی اسٹوری انتہائی مشکوک بن گئی ہے، کیس موجودہ شواہد کی روشنی میں چلایا گیا تو عدالت کا قیمتی وقت ضائع ہوگا۔ عدالت نے حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی تھانہ کھنہ میں 9مئی 2023 کو درج مقدمے میں درخواست بریت منظور کی جاتی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!