عمرے کے نام پر بھیک کیلیے جانے والے 11 مسافر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار، تعلق پنجاب سے
ویب ڈیسک
|
12 Aug 2024
عمرہ ادائیگی کی آڑ میں سعودی عرب جاکر بھیک مانگنے کیلیے سعودی عرب جانے والے 11 مسافروں کو ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے جانے والے 11 مسافروں کو گرفتار کیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں 8 خواتین سمیت 11 مسافر شامل ہیں جنہیں روانگی کے عین وقت طیارے سے آف لوڈ کیا گیا۔ ملزمان فلائٹ نمبر PK711 کے ذریعے عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔
گرفتار ملزمان میں شاہد، مجاہد، ظفر اور 8 خواتین شامل ہیں اور تمام کا ہی تعلق پنجاب سے ہے۔ ملزمان کی جانب سے پیش کئے جانے والے ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل بکنگ بھی جعلی نکلی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب جا رہے تھے۔ ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔
Comments
0 comment