بچوں کی اسمگلنگ کیس، صارم برنی کی اہلیہ سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

6 hours ago

بچوں کی اسمگلنگ کیس، صارم برنی کی اہلیہ سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

صارم برنی کے ساتھ ان کی اہلیہ بھی مقدمے میں نامزد ہیں
بچوں کی اسمگلنگ کیس، صارم برنی کی اہلیہ سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

ویب ڈیسک

|

15 Mar 2025

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں بچوں کی اسمگلنگ اور دستاویزات میں ردوبدل کے مقدمے کی سماعت کے دوران ملزمہ عالیہ برنی کی بریت کی درخواست واپس لینے پر خارج کردی گئی۔ 

مقدمے کی سماعت کے دوران ملزمہ عالیہ برنی عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ دوسرا ملزم صارم برنی کو پیش نہیں کیا گیا۔

 ملزمہ کے وکیل صفائی راج واحد کنور ایڈووکیٹ نے موقف پیش کیا کہ مقدمے میں جرم کچھ ہے لیکن دفعات کچھ اور لگا دی گئی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ شکایت گورے نے کی تھی، اس لیے بغیر سوچے سمجھے دفعات لگا دی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دفعات کی تبدیلی کے بغیر فرد جرم عائد نہ کی جائے۔  

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل خان نے کہا کہ یہ اعتراضات مقدمے کے پہلے روز سے لگائے جا رہے ہیں۔ پراسیکیوٹر نے موقف دیا کہ ان اعتراضات کے باوجود ہائیکورٹ اور ٹرائل کورٹ سے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں پہلے ہی مسترد ہو چکی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے دیں اور دفعات پر اعتراض بعد میں کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے مقدمے کی دفعات ختم کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور ملزمہ عالیہ برنی کی بریت کی درخواست واپس لینے پر خارج کر دی۔  

اس دوران، وکیل اسماء خان ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ بچوں کی بہتری کے لیے ان کے حقیقی والدین سے بہتر کوئی نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں بچیوں زہرہ اور سارہ کو فوری طور پر ان کے والد کے حوالے کیا جائے اور انہیں والدین سے ملاقات کرائی جائے۔ عدالت نے دونوں بچیوں کے والد کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا۔  

یہ مقدمہ بچوں کی اسمگلنگ اور دستاویزات میں ردوبدل کے سنگین الزامات کے تحت چل رہا ہے، جس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے دفعات کے تعین پر بحث جاری ہے۔ عدالت نے مزید سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!