روس کی پاکستان کو سستے داموں تیل دینے کی پیشکش

روس کی پاکستان کو سستے داموں تیل دینے کی پیشکش

توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کا ایک اہم پہلو ہے
روس کی پاکستان کو سستے داموں تیل دینے کی پیشکش

Webdesk

|

17 Mar 2026

پاکستان میں تعینات روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ روس پاکستان کو تیل کی فراہمی کے لیے تیار ہے اور اگر اسلام آباد کی جانب سے باضابطہ رابطہ کیا گیا تو رعایتی نرخوں پر تیل فراہم کیا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے روسی سفیر نے بتایا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کے پاس توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا موقع موجود ہے، تاہم اب تک اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے کسی پیش رفت کی اطلاع نہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کا ایک اہم پہلو ہے اور مستقبل میں اس میں مزید وسعت لائی جا سکتی ہے۔

ایران سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روس اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے دفاعی اور تکنیکی تعاون موجود ہے۔ ان کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران ایران کا ردعمل خلیجی خطے میں موجود امریکی تنصیبات کے خلاف تھا، تاہم موجودہ صورتحال غیر یقینی ہے جس پر حتمی رائے دینا مشکل ہے۔

روسی سفیر نے کہا کہ حالیہ عالمی کشیدگی نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے اور اس کے نتائج کے بارے میں پیشگوئی کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مسائل کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے ایران میں ایک اسکول پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع ناقابلِ برداشت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ کشیدگی کم کریں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کا پرامن حل تلاش کریں۔

روسی سفیر کے مطابق خطے میں طاقت کے استعمال سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے اور اس کے اثرات وسیع تر عالمی امن پر بھی پڑ سکتے ہیں، اس لیے فوری طور پر کشیدگی کم کرنا ناگزیر ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!