بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں،21دہشت گرد ہلاک، 14جوان شہید
Webdesk
|
26 Aug 2024
پاک فوج کی بلوچستان میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 21دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے حملوں میں 14 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے بلوچستان میں کئی سنگین کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔
یہ بزدلانہ دہشت گردی کے واقعات دشمن اور مخالف قوتوں کے اشارے پر بلوچستان کے پرامن ماحول اور ترقی کو تباہ کرنے کے لیے انجام دیے گئے جن کا ہدف زیادہ تر معصوم شہری تھے۔ خصوصا موسی خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں دہشت گردی میں کئی بے گناہ شہریوں کو شہید کیا گیا۔
موسی خیل میں دہشت گردوں نے ایک بس کو روکا اور اس میں سوار ان بے گناہ شہریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جو اپنی روزی کمانے کے لیے بلوچستان میں کام کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جواب دیا اور کلیئرنس آپریشنز میں 21 دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا، تاہم آپریشنز کے دوران 14 بہادر سپوتوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جن میں 10 سیکیورٹی فورسز کے جوان اور 4 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان سنگین اور بزدلانہ کارروائیوں کے ماسٹر مائنڈ، معاونین اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Comments
0 comment