بلوچستان میں آپریشن مکمل، 95 دہشت گرد ہلاک، 15 جوان اور 18 سویلین شہید
ویب ڈیسک
|
31 Jan 2026
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں سرچ آپریشن مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 12 مقامات پر ہونے والے حملوں کے پیچھے بھارت ملوث ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے مسلح افراد نے بلوچستان کے 12 شہروں میں شدید حملے کیے جس کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیلا جبکہ متعدد سویلین اور فورسز کے جوان شہید ہوئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ حملہ کرنے والے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ ان حملوں کے پیچھے بھارت ملوث ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق 31 جنوری 2026 کو بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی فتنہ الہندستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان میں امن و امان کو خراب کرنے کی غرض سے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، تمپ، گوادر اور پسنی کے علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کیں۔
گوادر اور خاران میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں دہشت گردوں نے خواتین، بچوں، بزرگوں اور مزدوروں سمیت اٹھارہ معصوم شہریوں کو شہید کیا۔
آپریشن کے دوران دو خودکش بمباروں سمیت بانوے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
بدقسمتی سے، کلیئرنس آپریشنز اور شدید جھڑپوں کے دوران وطن کے پندرہ بہادر سپوتوں نے دلیری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور عظیم قربانی دی۔
Comments
0 comment