9 hours ago
بلاول کا حکومت کا ساتھ چھوڑنے کا عندیہ

ویب ڈیسک
|
19 Apr 2025
حیدرآباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ متنازعہ کینال منصوبہ فوری طور پر روک دے، ورنہ پارٹی حکومت کے ساتھ تعاون جاری نہیں رکھ سکے گی۔
حیدرآباد کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی کی غیرمنصفانہ تقسیم ملکی وحدت کے لیے خطرہ ہے، لیکن اسلام آباد کی حکومت "اندھی اور بہری" بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم وزارتوں کی پروا نہیں کرتے، یہ منصوبہ کسی صورت منظور نہیں ہوگا۔"
بلاول نے واضح کیا کہ وہ کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، کیونکہ ان کے پیچھے "فارم 47" نہیں، بلکہ عوام کی طاقت ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکمران "عوام کا خون چوس رہے ہیں" اور این-لیگ کے تمام منصوبے "کسان دشمن" ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چولستان یا تھرپارکر کو ٹیکنالوجی کے ذریعے آباد کرنا چاہتی ہے تو پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی، لیکن سندھ کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر حکومت متنازعہ منصوبہ واپس لے تو وہ زراعت کی ترقی کے لیے تعاون کے لیے تیار ہیں۔
عمرکوٹ میں پیپلز پارٹی کی ضمنی انتخاب میں کامیابی پر انہوں نے کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ 17 جماعتیں، پی ٹی آئی اور این-لیگ سب اکٹھے ہوکر بھی پیپلز پارٹی کو نہیں ہرا سکے، جو عوام کے حقوق کی جدوجہد کی علامت ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 25 اپریل کو سکھر میں تاریخی جلسہ اور احتجاج ہوگا، جس کا مقصد "وفاق، کسان اور سندھ کے حقوق" کا تحفظ ہوگا۔
Comments
0 comment