بلاول کا حکومت کو عمران خان فوبیا سے باہر نکلنے کا مشورہ

بلاول کا حکومت کو عمران خان فوبیا سے باہر نکلنے کا مشورہ

کرپشن کو سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں کیلیے استعمال کیا جاتا ہے، چیئرمین پی پی
بلاول کا حکومت کو عمران خان فوبیا سے باہر نکلنے کا مشورہ

ویب ڈیسک

|

5 Jun 2024

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو عمران خان فوبیا سے باہر نکلنے کا مشورہ دیتے ہوئے عوامی مسائل کے حل پر زور دیا ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین سے گفتگو میں بلاول نے کہا کہ الیکشن ہوئے کئی ماہ گزر چکے مگر عوامی مسائل جوں کے توں ہیں، حکومت کو اب بانی پی ٹی آئی پر سے دھیان ہٹا کر عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو نفرت کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں اُن کو اپنے مسائل میں دلچسپی ہے، ہمارے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو اپنے مسائل کا حل دینا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی پر دھیان دینا نہیں چاہیے کہ وہ کیا کررہا ہے اور کیا نہیں، عمران خان کے اپنے کیسز ہیں تو وہ مقابلہ کریں، یہ سب کچھ مکافات عمل ہے۔

بلاول نے کہا کہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے میں سخت محنت کے بعد امن قائم کیا مگر جرائم پیشہ افراد کے پاس جدید اسلحہ آنے کی وجہ سے امن و امان کی صورت حال خراب ہوئی تاہم سندھ پولیس جرائم پیشہ افراد کو جلد قابو کرلے گی۔

پی پی چیئرمین نے اپنے سندھ اسمبلی کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں سست قرار دیا اور کہا کہ اپنے اراکین پارلیمنٹ میں سستی دیکھ رہا ہوں، ٹرانفسر پوسٹنگ کی سیاست ختم ہونی چاہیے، پی پی کے وزرا محنت کریں تاکہ نظر آئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے مگر ابھی تک عوامی مسائل پر بات نہیں ہوئی، فوکس کرنا ہوگا محدود وسائل میں مسائل کو کیسے حل کیا جائے، عوام کو ان ہی محدود وسائل میں ڈلیور کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ کچھ ایم پی ایز کی رپورٹس اچھی نہیں جبکہ کچھ بہت اچھا کام کررہے ہیں، ہم وزار کی کارکردگی کا فیصلہ کھلی کچہری میں عوامی رائے پر کریں گے۔ بلاول نے کہا کہ وزرا اور کابینہ سرکاری اداروں میں تعینات افسران پر نظر رکھیں اور آپسی لڑائی سے گریز کریں، کیونکہ اس سے پارٹی اور حکومتی کارکردگی کو نقصان ہورہا ہے۔

بلاول نے کہا کہ لوگ اس وقت سیاست سے پریشان ہیں، عوامی مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کرنا ضروری ہے، اراکین اسمبلی کو بہترین انداز سے ڈلیور کرنا ہوگا، وزرا محنت کریں تاکہ عوام کو نظر آئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے پانچ سالہ پلان سے آگاہ کردیا، وفاق سے فنڈز نہ ملنے ہاؤسنگ منصوبہ متاثر ہورہا ہے۔

بلاول نے کہا کہ کرپشن کو سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!