ڈیجیٹل دہشت گردی غیر روایتی، خطرناک ہے جس سے ملی یکجہتی کے ساتھ نمٹیں گے، آرمی چیف
ویب ڈیسک
|
6 Sep 2024
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کے کہ ڈیجیٹل دہشت گردی اور ففتھ جنریشن وار روایتی دہشتگردی سے زیادہ چیلنجنگ اور خطرناک ہے جس سے ملی یکجہتی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے 6ستمبر 2024 ، یوم دفاع* *پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 6ستمبر کا دن ہماری قومی و عسکری تاریخ میں یوم دفاع وطن کے نام سے ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ آج کے دن ہماری بری، بحر ی اور فضائی افواج نے قوم کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ ستمبر کے موقع پر قومی اتحاد و یک جہتی کا جو عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا وہ ہماری مسلح افواج اور قوم کے لئے سرمایہ افتخار ہے ، قومی اتحاد و یکجہتی کے اسی جذبے سے سرشار ہو کر پاک افواج ارضِ ِپاک کی سرحدوں کی نگہبانی کا فریضہ انجام دے رہی ہیں ، ہماری مسلح افواج نے معرکہ ستمبر میں جس بے مثال جرأت و بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا ، وہ نہ صرف تاریخ کے ابواب میں سنہری حروف سے رقم ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قران مجید میں سورۃ البقرہ آیت154 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ
ارشاد باری تعالیٰ ہے (وَلاَ تَقُو لُوا لِمَن یُقتَلُ فِی سبیل اللہ اٗموات بل اٗحیاء ولکن لا تشعرون) ترجمہ : (اورجو اللہ کی راہ میں مارے جائیں انہیں مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کا شعور نہیں رکھتے۔)
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آیت شہداءکے بلند درجات اور ان پر اللہ کے فضل کی عکاسی کرتی ہے، آج کے دن ہم پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ ہمارے شہداء ہمارے لئے مقدم ہیں اور ہم اپنے شہداء اور انکے اہل خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دینا جانتے ہیں اور دیتے رہیں گے۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کا نصب العین ایمان ،تقویٰ اورجہاد فی سبیل اللہ نہ صرف ہمارا طرۂ امتیاز ہے بلکہ دشمنوں کے عزائم سے نمٹنے کے لئے ہمارا سب سے بڑا ہتھیا ر بھی ہے، پاک فوج دفاع وطن کے لئے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے، ہمارا ہر افسر اور سپاہی جذبہ ٔ ستمبر کو دل میں بسائے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کا فرض نبھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس جرأت اور جوانمردی کے ساتھ پاک افواج اورعوام نے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کر رہے ہیں دنیابھر میں اس کی مثال نہیں ملتی، دہشت گردی کے عفریت کو جس بہادری اور جوانمردی سے ہماری افواج نے قابو کیا ہے وہ کامیابی کسی اور ملک کی فوج کو نہیں مل سکی۔
سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آج اس سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کی بدولت پاکستان عدم استحکام کا شکار ہونے سے محفوظ ہے
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ڈیجیٹل دہشت گردی اور 5thجنریشن جنگ نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آرہے ہیں، روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، جبکہ ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ اور خطرناک بنا دیا ہے۔
آرمی چیف نے واضح کیا کہ ملی یک جہتی کے ساتھ پرعزم رہتے ہوئے ہم ڈیجیٹل دہشت گردی کے خطرے کا بھی بخوبی مقابلہ کر رہے ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کا عزم نا قابلِ تسخیر ہے۔
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمارے پر امن اور محفوظ پاکستان کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں اور پر امن بقائے باہمی کی خواہش کے باوجود ہم وطن عزیز کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیاراور چوکس ہیں،وطن عزیز کی حرمت اور دفاع ہمارے لئے مقدم ہے اور ارض پاک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پاک افواج پرعزم اور مستعد ہیں۔
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ؛ اقوام عالم کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط ہے، کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عمل پیرا ہونا لازم وملزوم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالی کے باوجود کشمیر ی بھائیوں کا عزم و حوصلہ قابل تحسین ہے۔آرمی چیف نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق میں اپنی اواز بلند کرتا رہے گا،غزہ میں اسرائیلی جارحیت عالمی ضمیر پر ایک سیاہ دھبہ ہے
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ؛
وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور خوشحالی کا عزم کے ساتھ اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم متحد رہیں گے۔ اختلافات کو بھلاکر مثالی یک جہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
Comments
0 comment