افغانستان سے دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں، اپنی سرزمین کا تحفظ ہر حد تک کریں گے، فیلڈ مارشل
 
 
  ویب ڈیسک
|
30 Oct 2025
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام اور قبائل کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا اور افغانستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہیڈکوارٹر 11 کور میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، پاک-افغان سرحد پر امن و استحکام، اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
بعدازاں فیلڈ مارشل نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات کی، جس میں قبائل نے دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں رہا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں افغان سرزمین سے دہشت گردوں کے پاکستان پر حملوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے طویل عرصے تک بردباری اور تحمل کا مظاہرہ کیا اور افغانستان کے ساتھ سیاسی و معاشی تعاون بڑھانے کی متعدد کوششیں کیں، مگر افغان طالبان حکومت کی جانب سے بھارتی حمایت یافتہ گروہوں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند کی پشت پناہی بدستور جاری ہے۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے فیلڈ مارشل کی بے لاگ گفتگو کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، استحکام اور دہشت گردی سے پاک مستقبل کے لیے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
پشاور آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا۔




 
 
 
                                     
                                     
                                     
                                     
                                     
                                     
                                     
                                     
                                     
                                    
Comments
0 comment