فیریئر ہال سے چوری شدہ پینٹنگ کا معاملہ، سندھ حکومت نے نوٹس لے لیا
ویب ڈیسک
|
16 Sep 2024
نجی ٹی وی کے ڈرامے کے ایک سین میں دو پینٹنگز نشر ہونے کے بعد نیا تنازع کھڑا ہوگیا اور ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ فیریئر ہال میں اُس کی یہ پینٹنگز 7 سال قبل کھو گئیں تھیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر صارفین نے پروڈکشن ہاؤس کو مصور کو رائلٹی دینے اور فیریئر ہال انتظامیہ کو سزا دینے کا مطالبہ کیا اور آرٹسٹ کے حق میں آواز اٹھائی۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ ڈی جی کلچر اور ڈی جی اینٹیکیوٹیز پر مشتمل کمیٹی کو معاملے پر تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ نوجوان آرٹسٹ کی پینٹنگز غائب ہونے سے متعلق سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا، معاملے پر کمیٹی تشکیل دی ہے جو جامع رپورٹ پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی حقیقت سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی اور اگر کسی کی غفلت یا کوتاہی ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوان آرٹسٹ ہمارا سرمایہ ہے لہٰذا ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔
سندھ کے ضلع ڈہرکی سے تعلق رکھنے والے مصور سیفی سومرو نے دعوی کیا تھا کہ ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں اُن کے گمشدہ فن پارے دکھائے گئے جبکہ انتظامیہ نے دعوی کیا تھا کہ یہ چوری ہوگئے ہیں۔
Comments
0 comment