ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے سے اسموگ میں کمی، مریم اورنگزیب نے کریڈٹ کسے دیا؟
ویب ڈیسک
|
17 Nov 2024
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے، اداروں کے اقدامات اور عوام کے تعاون سے اسموگ کم ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہلی اسموگ کے اسکور میں 601 سے 720 پر پہنچ گیا ہے جبکہ لاہور میں صبح 247 کے اسکور کے مقابلے میں شام کو اسموگ مزید کم ہوکر 177 اسکور پر آ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں فصلیں جلانے کے دھوئیں سے فضائی آلودگی مزید بڑھ گئی ہے- سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ مشرقی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی سے بھارت سے کالے دھوئیں کی پاکستان آمد فی الحال رکی ہوئی ہے تاہم پاکستان میں آج رات نظر آنے والی 'دھند' گندم کٹائی کے بعد پیدا ہونے والی کیفیت کی وجہ سے ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اداروں اور عوام کے تعاون سے صورتحال میں بہتری نظر آئی ہے، مشترکہ کاوشیں جاری رکھنا ہوں گی، ابھی تو یہ آغاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی بہتری اور اسموگ سے مستقل بچاؤ کی منزل دور ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ماحولیاتی بہتری کے وژن پر عمل درآمد سے آنے والے چند سالوں میں اسموگ اور فضائی آلودگی میں نمایاں بہتری نظر آئے گی-
Comments
0 comment