جماعت اسلامی کی کال پر کل ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی

ویب ڈیسک
|
25 Apr 2025
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ میں اسرائیلی مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال اور احتجاجی ریلیوں کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل پورے ملک میں ہڑتال ہوگی، جسے تمام تاجر تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد واضح پیغام دے گا کہ پاکستان اسرائیل اور بھارت کی جارحیت کے خلاف ہے۔
انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کے امیر نے الزام لگایا کہ بھارت کی ہر کارروائی کے پیچھے اسرائیل اور امریکا کا ہاتھ ہے، اور یہ ٹرائیکا خطے میں خوفناک کھیل کھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں بھارت کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی، کیونکہ بھارت ماضی میں بھی فالس فلیگ آپریشنز کر چکا ہے۔
تجارتی حلقوں اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے ہڑتال کو مکمل حمایت دی جا رہی ہے، جبکہ عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
Comments
0 comment