کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے حوالے سے خبر
ویب ڈیسک
|
26 Apr 2024
شہر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگانے کی تیاریاں شروع ہوگئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی اگلے ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں قائم کر دی جائیگی اور اس حوالے سے انتظامی امور جس میں ایڈمنسٹریشن ، پارکنگ ، لائٹ ، پانی اور ٹینٹ سمیت دیگر کاموں سے متعلق ذمہ داریاں جلد ہی تفویض کر دی جائینگی جس کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔
انتظامی ذمہ داریاں ملتے ہی مویشی منڈی کے قیام کا کام تیزی سے شروع کر دیا جائیگا ، ذرائع کے مطابق سال 2024 میں قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی اگلے ماہ 10 مئی سے شروع کر دی جائیگی جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے مویشی منڈی کے لیے تیسر ٹاؤن نادرن بائی پاس پر 1000 ایکڑ رقبے کا انتخاب کیا ہے۔
مویشی منڈی میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے جس میں پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ مسلسل گشت اور پولیس کے ناکے بھی شامل ہونگے۔ مویشی منڈی میں خریداروں کے ساتھ بیوپاریوں کے لیے بھی سہولتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ خریداروں کی سہولت کے لیے وسیع پارکنگ ایریا بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
شہر میں قائم کی جانے والی مرکزی مویشی ایک میلے کی شکل اختیار کر جاتی ہے جہاں پر شہریوں کی بڑی تعداد جس میں بچے ، بزرگ اور خواتین بھی شامل ہوتی ہیں وہ نہ صرف اپنے قربانی کے جانور خریدنے بلکہ وی آئی پی بلاکس میں فروخت کے لیے لائے گئے خوبصورت اور صحت مند قربانی کے جانوروں کو بھی دیکھنے آتے ہیں جس کے باعث شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مویشی منڈی کی حدود میں فوڈ کورٹ سمیت دیگر بنیادی اشیا کی فراہمی کے لیے عارضی اسٹالز بھی لگائے جا رہے ہیں۔
Comments
0 comment