کراچی پولیس اہلکار بھتہ خوری میں ملوث، عدم ادائیگی پر دوبارہ جھوٹے مقدمے کی دھمکی

ویب ڈیسک
|
19 Jul 2025
لیاری میں دکاندار سے بھتہ طلبی پر دکاندار محمد فہد نے پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمے کے اندراج کے لیئے درخواست سیشن عدالت میں دائر کردی۔
درخواست میں ایس ایس پی کمپلینٹ سیل اور ایس ایچ او کلاکوٹ کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں پولیس اہلکار شوکت، ساجد، بلال اور سراج بطور ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔
درخواستگزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ لیاری جھٹ پٹ مارکیٹ میں کنفکشنری اور پان کے سامان کی دکان چلاتا ہوں، پولیس اہلکار میری دکان پر آئے اور ہفتہ وار بھتہ ادائیگی کا کہا جو میں نے منع کردیا۔
درخواست میں انہوں نے لکھا کہ 13 جولائی کو دوبارہ میری دکان پر آئے اور مجھے تھانہ چاکیواڑہ لے گئے، تھانے لیجاکر میری دکان میں رکھی ایک لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھی ہتھیالی، بھتہ ادائیگی سے منع کرنے پر مجھ پر گٹکا برآمدگی کا جھوٹا مقدمہ درج کرادیا۔
درخواست گزار کے مطابق وہ ضمانت لیکر جیل سے رہا ہوئے تو پولیس والے دوبارہ بھتہ مانگنے کے ساتھ ہراساں کررہے ہیں اور بھتہ نہ دینے پر دوبارہ منشیات برآمدگی کے مقدمات میں گرفتار کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
دکاندار کے مطابق پولیس والے کیخلاف اعلیٰ حکام اور تھانے میں شکایت کرنے پر بھی کوئی کارروائی نہیں کررہے، ملزمان پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ اندراج کا حکم دیا جائے۔
Comments
0 comment