کراچی والوں سے بجلی کے بل میں300 روپے تک کے ایم سی ٹیکس وصول کیا جائے گا

ویب ڈیسک
|
22 Apr 2025
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز اور ٹیکس (MUCT) میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جو اب شہریوں سے بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کیے جائیں گے۔
ان چارجز کا مقصد شہر میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے منصوبوں کے لیے فنڈز مہیا کرنا ہے۔
ڈائریکٹر کے ایم سی برائے میڈیا افیئرز دانیال سیال کے مطابق، بجلی کے بلوں کے ذریعے چارجز اور ٹیکس کی وصولی ایک شفاف طریقہ کار ہوگا، جس سے ماضی کے مقابلے میں ریونیو میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ نظام 14 اپریل سے نافذ العمل ہوگا، اور وہ صارفین جو ماہانہ 100 یونٹس سے زائد بجلی استعمال کریں گے، کے ایم سی ٹیکس دہندگان کے زمرے میں آئیں گے۔
کے ایم سی کی جانب سے درج ذیل نرخوں کا اعلان کیا گیا ہے:
101 تا 200 یونٹس: 20 روپے
201 تا 300 یونٹس: 40 روپے
301 تا 400 یونٹس: 100 روپے
401 تا 500 یونٹس: 125 روپے
501 تا 600 یونٹس: 150 روپے
601 تا 700 یونٹس: 175 روپے
701 یونٹس سے زائد: 300 روپے
جبکہ تجارتی صارفین سے 400 روپے اور صنعتی صارفین سے 500 روپے کے ایم سی چارجز وصول کیے جائیں گے۔
دانیال سیال نے مزید بتایا کہ ان ٹیکسز سے حاصل ہونے والی آمدنی کو شہر کی بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری، جن میں نالوں کی تعمیر و مرمت، رہائشی علاقوں میں گلیوں کی پختگی، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر چھوٹے بڑے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، پر خرچ کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ماضی میں ضرورت سے زیادہ ملازمین کی بھرتی کی وجہ سے کے ایم سی کو سالانہ تنخواہوں اور پنشنز کی مد میں 11 ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے، جسے پورا کرنے کے لیے بھی یہ نیا نظام معاون ثابت ہوگا۔
Comments
0 comment