کسی صورت نہیں جھکوں گا خاندان سمیت ہر قربانی دے سکتا ہوں، بانی پی ٹی آئی

کسی صورت نہیں جھکوں گا خاندان سمیت ہر قربانی دے سکتا ہوں، بانی پی ٹی آئی

عمران خان کے وکیل نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام جاری کردیا
کسی صورت نہیں جھکوں گا خاندان سمیت ہر قربانی دے سکتا ہوں، بانی پی ٹی آئی

ویب ڈیسک

|

17 Dec 2024

بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت نہیں جھکیں گے اور خاندان سمیت ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ طاقتوروں نے اپنے کاندھوں پر جو لاشہ اٹھایا رکھا ہےاس سے عوام کو بدبو آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ نہیں جھکیں گے، خاندان سمیت ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، اس ٹرائل اور کاروائی کیخلاف بین الاقوامی فورم سے رابطہ کرینگے انہیں لکھیں گے کہ آبزرور آئیں اور اس ضابطے کی کاروائی کا براہ راست مشاہدہ کریں۔ افسوس ہے کہ ہمارا نظام عدل ناکام ہو رہا ہے

اُن کا کہنا تھا کہ جی ایچ کیو گیٹ کیس میں ملزمان پر جو فرد جرم عائد ہوئی اس کی کاپی کے حصول کیلئے آج درخواست دی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیجز کیلئے بھی عدالت سے استدعا کی ہے، جو اس طرح سے فرد جرم عائد کی گئی وہ ضابطے کی کاروائی نہیں ہے، باقی مقدمات کو الگ کرکے صرف جی ایچ کیو کیس چلایا جا رہا ہے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ جس نے پی ٹی آئی نہیں چھوڑی ان کو اس مقدمہ میں رکھا گیا ہے، جس نے پی ٹی آئی چھوڑی اس کا ان پرچوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، نو مئی کو سیاسی انتقام کا آلہ کار بنا دیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما 9 مئی سے متعلق 48 ،48 مقدمات بھگت رہے ہیں، حکومت کی اپنی کوئی کارکردگی نہیں یہ انگلیوں پر 9 مئی کی تسبیاں کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو فراہم سہولیات کے بارے میں آج ایک نئی درخواست دائر کی ہے، ہم اب تک ایک ٹن سے زائد درخواستیں دائر کر چکے ہیں، چیف جسٹس پاکستان لاہور اور اسلام اباد ہائیکورٹ سے استدعا ہے آپ نے ذیلی عدالتوں کا تحفظ کرنا ہے، ذیلی عدالتوں کے احکامات کو انتظامیہ جوتے کی نوک پر رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے 79 بندے ڈسچارج ہوئے جنہیں دوبارہ ڈیٹین کیا گیا جیسے وہ دہشتگرد ہیں، آپ سے استدعا ہے چیف جسٹس لکھنے سے عزت نہیں ہوتی آپ کو بتا رہے ہیں آپ بری طرح فیل ہو رہے ہیں، آپ کی عدالتیں انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہیں، چیف جسٹس صاحبان سے گزارش ہے کہ ہوش کے ناخن لیں آپ کی ناک کے نیچے نظام عدل کی تباہی پھیری جارہی ہے، عدالتیں اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں اور میڈیا کی تنظیمیں سوئی ہوئی ہیں، آپ ہمارے لیے نہیں ملک کیلئے جاگیں، آپ نظام بہتر کرینگے تو ہم سب اس کے بینیفیشری ہونگے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ میں بطور وکیل چیخ رہا ہوں کہ ہم ناکام ہو رہے ہیں ہمارا نظام عدل ناکام ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کو 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد کرش کر دیا گیا، ایک پارٹی کو کرش کرتے کرتے میڈیا جمہوریت، عدلیہ اور پورا پاکستان کرش کر دیا گیا، خدارا ہوش کے ناخن لیں، اب اس طرح نہیں چلے گا، جہاں پہ جمہوریت آئین اور بنیادی انسانی حقوق نہیں ہوتے وہاں بہت سے مسائل آجاتے ہیں، عوام اداروں سے دور ہو رہے ہیں، ان کے ذمہ داران سیاسی مفاہمتوں سے باہر نکلیں۔

اُن کے مطابق آج بھی بانی پی ٹی آئی کی زبان پر شہدا اور اللہ پاک کا ذکر تھا، ہم سیاسی انتقام نہیں ہونے دینگے، اس کے خلاف ہم جہاں تک لڑ سکے لڑیں گے، خوف کی بنیاد پر حکومت قائم ہے، حکومت اس خوف کو کم نہیں ہونے دے رہی، کیونکہ جس دن یہ خوف کم ہوا یہ ہاؤس آف کارڈ تنکوں کی طرح بکھر جائے گا، بانی پی ٹی آئی ڈٹ کے کھڑا ہے نہ گھبرایا ہے اور نہ ٹوٹا ہے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!