خواجہ آصف کا بھارت کا منہ کالا کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
|
3 May 2025
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھارت کا منہ کالا کرنے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی "فیس سیونگ" یا جارحانہ کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور پاکستان بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا منہ کالا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل پاکستانی سرحدوں کے قریب اپنے رافیل طیارے اڑا کر اشتعال انگیزی کر رہا ہے، لیکن پاکستان پہل کرنے والا نہیں ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں پاکستان کے خلاف الزامات لگانے کی کوششیں کی ہیں، لیکن امریکا سمیت عالمی برادری نے ان پر یقین نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا اور نہ ہی اس کے دعوؤں کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی مل سکی ہے۔
وزیر دفاع نے امریکی نائب صدر کملہ ہیرس کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت کے لیے ایک "گنجائش کی کھڑکی" چھوڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت کسی بھی قسم کی جارحیت کا ارتکاب کرتا ہے تو پاکستان بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسا کوئی اقدام نہ کرے جو خطے میں تنازعے کو بڑھائے۔
خواجہ آصف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر کسی بھی قسم کی فوجی یا پروپیگنڈہ جنگ چھیڑنے کی کوشش کرے گا تو پاکستان اس کا مناسب جواب دے گا۔
ان کا پیغام واضح تھا: "ہم پہل نہیں کریں گے، لیکن اگر کوئی ہمیں للکارے گا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔"
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بھارت نے پانی روکنے کیلیے کسی بھی قسم کی تعمیرات کیں تو پاکستان بلا توقف کارروائی کر کے انہیں مسمار کردے گا۔
انہوں نے دوٹو ک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ منسوخ کرنے کے حوالے سے کوئی بھی ڈھانچہ بنایا گیا تو اسے تباہ کر دیا جائے گا، کیونکہ یہ معاہدے کی خلاف ورزی پاکستان کے خلاف جنگ کے برابر ہوگی۔
Comments
0 comment