لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی
Webdesk
|
9 Oct 2024
کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز شام سے71 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچ گئی،گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق جنگ زدہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد وہاں پھنسے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی، دمشق سے خصوصی پرواز کے ذریعے 71 پاکستانی وطن واپس پہنچے جبکہ ایئرپورٹ پر لبنان سے آنے والے ہم وطنوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
ایئر 320 ساختہ طیارہ رات 2 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا لیکن ایک گھنٹے کی تاخیر سے طیارہ رات 3 بجے کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کر گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانیوں کو محفوظ شمالی بارڈر کراسنگ سے دمشق پہنچایا گیا، پاکستانیوں کی کراچی کے لیے پرواز پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب روانہ ہوئی۔
دفترخارجہ کے مطابق پرواز میں موجود 67 پاکستانی لبنان سے بذریعہ سڑک دمشق پہنچے تھے جبکہ شام سے 4 دیگر پاکستانی بھی خصوصی پرواز میں سوار ہوئے تھے۔
لبنان سے وطن پہنچنے والے پاکستانیوں نے پاک سر زمین پر پہنچتے ہی سجدہ شکر ادا کیا اور انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی، لبنان میں پھنسے باقی پاکستانیوں کو بھی جلد واپس لے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سفارتخانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں کردار ادا کیا، شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آئے ہیں۔
Comments
0 comment