لوڈشیڈنگ پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی پر متعدد مظاہرین کو پولیس نے گرفتار کرلیا
ویب ڈیسک
|
2 Jul 2024
شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا میں لوڈشیڈنگ کے خلاف کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے والے متعدد مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا اور لیاقت آباد کے مکینوں نے طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔
اس دوران مشتعل مظاہرین نے کے الیکٹرک کی دو گاڑیوں پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں شیشے بھی ٹوٹے جبکہ دروازے پر بھی مشتعل افراد نے پتھر مارے۔
کے الیکٹرک حکام نے مظاہرے کو حملے کا نام دے کر شریف آباد تھانے میں مقدمہ درج کرایا اور سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی جس کے بعد پولیس نے ہنگامہ آرائی، بلوے اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے مظاہرین کو گرفتار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر افراد کی گرفتاری کیلیے بھی مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔
اُدھر گرفتاریوں کے خلاف ایف سی ایریا کے مکینوں کا شریف آباد تھانے کے باہر مظاہرہ کیا اور گرفتار نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا۔
Comments
0 comment