الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا

الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا

سلمان اکرم راجہ کی شکایت سننے کے بعد الیکشن کمیشن حلقہ این اے 128 پر کامیاب امیدوار کا فیصلہ کرے گا، ڈی جی لا کی عدالت کو یقین دہانی
الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا

ویب ڈٰیسک

|

15 Feb 2024

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 128 سے جیت کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اور معروف قانون دان بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عون چوہدری کی کامیابی کے نوٹی فکیشن کیخلاف درخواست دائر کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے درخواست پر سماعت کی  اور سلمان اکرم راجہ کو ہدایت کی کہ آپ کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے لہذا وہاں جائیں۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل قانون سے پوچھا کہ معاملہ کیا ہے؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن غلطی سے جاری ہوا تھا جسے واپس لے لیا ہے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن سلمان اکرم راجہ کی شکایات سننے کے بعد حلقہ این اے 128 پر کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا کی یقین دہانی کے بعد عدالت نے درخواست کو نمٹا دیا۔

اس سے قبل سلمان اکرم راجا نے عون چوہدری کی کامیابی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کو عدالت نے مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 کے تمام 433 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق عون چوہدری 1 لاکھ 72 ہزار 576 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ سلمان اکرم راجا نے 1 لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ حاصل کیے تھے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجا نے عون چوہدری کی جیت کو دھاندلی قرار دیتے ہوئے قانونی جنگ لڑ کر اپنی جیتی ہوئی نشست واپس لینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!