ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع
Webdesk
|
2 Aug 2026
کراچی: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال اور کوہستان میں بھی تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان کے چند علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، آسمانی بجلی سے احتیاط اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments
0 comment