مقتول یوٹیوبر کے لواحقین کیلیے 7 کروڑ مالیت کے دو گھروں کا اعلان

مقتول یوٹیوبر کے لواحقین کیلیے 7 کروڑ مالیت کے دو گھروں کا اعلان

پاکستانی نژاد امریکی تاجر علی شیخانی نے مقتول کے اہل خانہ کو دو گھر دینے کا اعلان کیا
مقتول یوٹیوبر کے لواحقین کیلیے 7 کروڑ مالیت کے دو گھروں کا اعلان

ویب ڈیسک

|

5 Jun 2024

پاکستانی نژاد امریکی تاجر علی شیخانی نے بدھ کے روز  سرینا موبائل مارکیٹ پر سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے یوٹیوبر سعد کے لواحقین کے لیے 7 کروڑ روپے مالیت کے دو مکانات دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ منگل کی رات کراچی کے علاقے سخی حسن چورنگی کے قریب واقع سرینا موبائل میں سیکیورٹی گارڈ نے ویڈیو بنانے کے دوران ٹک ٹاکر کو گولی مار دی تھی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔

سیکیورٹی گارڈ سے یوٹیوبر نے پاک بھارت ٹی 20 میچ کے حوالے سے تاثرات لیے اور پھر تھوڑی دیر بعد کچھ دور ہٹ کر ویڈیو بنانا شروع کی تو اس دوران گارڈ کھڑا ہوا اور اُس نے کلاشنکوف ٹک ٹاکر کے سینے پر رکھ کر فائرنگ کردی۔

پولیس نے گارڈ کو گرفتار کر کے کلاشنکوف برآمد کرلی، ملزم کی شناخت احمد گل کے نام سے ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں سیکیورٹی گارڈ کو اپنے اے کے 47 لوڈ کرتے ہوئے اور مقتول کو مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واقعے کے بعد تیموریہ تھانے کی ٹیم نے ملزم کو گرفتار کرکے معاملے سے پوچھ گچھ شروع کی۔ تفتیش کے دوران ملزم نے کہا کہ اس نے سعد کو اس لیے مارا کہ "اس نے اس کی رضامندی کے بغیر ویڈیو بنانا شروع کی‘۔

35 سالہ گارڈ نجی سیکیورٹی کمپنی کا ملازم ہے جس کے قبضے سے پولیس نے ایک اے کے 47 بھی برآمد کی ہے۔ مقتول کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد کے دوست نے بتایا کہ وہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور دو نابالغ لڑکوں کا باپ تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں سعد دبئی سے پاکستان واپس آیا کیونکہ اسے خلیجی ملک میں کوئی نوکری نہیں ملی تھی اُس کے بعد سے وہ بے روزگار تھا اور پھر اپنے گزر بسر کیلیے اُس نے کانٹینٹ بنانا شروع کیا۔

انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ مجرم کے خلاف سخت کارروائی کریں کیونکہ "اس نے صرف ایک ویلاگ کی شوٹنگ کے لیے جان لے لی"۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!