مسلح افواج دفاع وطن کیلئے عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں،کورکمانڈرز کانفرنس

مسلح افواج دفاع وطن کیلئے عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں،کورکمانڈرز کانفرنس

پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ
مسلح افواج دفاع وطن کیلئے عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں،کورکمانڈرز کانفرنس

Webdesk

|

2 May 2025

 راولپنڈی:سپہ سالار سید عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارت کے جارحانہ رویے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جہاں خطے کے موجودہ حالات کا جامع جائزہ بالخصوص پاک-بھارت کشیدگی اور علاقائی سلامتی پر غور کیا گیا۔

بیان کے مطابق فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے خلاف ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسلح افواج کی غیرمتزلزل پیشہ وارانہ مہارت، ثابت قدم حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے اپنے عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے اور فعال تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا جبکہ فورم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید اظہار تشویش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہا کہ بالخصوص پہلگام  واقعے کے بعد بھارتی افواج لائن آف کنٹرول  کے معصوم شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے اور تشویش ظاہر کی کہ بھارتی فوج کی غیر انسانی اور بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو بڑھاتی ہیں، جس کا  موثر اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

کانفرنس کے شرکا نے بھارت کی جانب سے سیاسی اور فوجی مقاصد کے حصول کے لیے مستقل طور پر گھڑے جانے والے خود ساختہ بحرانوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شرکا نے کہا کہ اندرونی انتظامی ناکامیوں کو چھپانے کے لیی بھارت پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت ان اندرونی مسائل کو ہمیشہ سے بیرونی رنگ دیتا رہا ہے۔

مزید کہا گیا کہ اس طرح کے واقعات سے بھارت یکطرفہ چالوں سے اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے، جیسا کہ 2019 میں دیکھا گیا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370کی منسوخی کے ذریعے اسٹیٹس کو یک طرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کے لیے پلوامہ کا ڈراما رچایا تھا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!