متنازع بیان پر نوٹس، نورین نیازی نے این سی سی آئی کو جواب جمع کرادیا، الزامات کی تردید
ویب ڈیسک
|
21 Jul 2026
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ متنازع بیان کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو اپنا ابتدائی جواب جمع کرا دیا۔
نورین نیازی نے اپنے وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کرائے گئے جواب میں نوٹس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس میں الزامات کی مکمل تفصیلات، شکایت اور متعلقہ شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔
جواب میں انہوں نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی بھی ریاستی ادارے کے خلاف نفرت انگیز مواد نشر یا پھیلایا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مکمل ریکارڈ اور شواہد فراہم کیے جانے کے بعد ہی تفصیلی جواب جمع کرایا جائے گا۔
نورین نیازی نے ذاتی حیثیت میں اسلام آباد طلب کیے جانے پر بھی قانونی اعتراض اٹھایا اور این سی سی آئی اے سے آئین، پیکا ایکٹ اور ضابطۂ فوجداری کے مطابق کارروائی کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے غیر قانونی دباؤ یا تادیبی کارروائی سے گریز کرنے کی استدعا بھی کی۔
جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ اپنے تمام قانونی حقوق محفوظ رکھتے ہوئے تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گی۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو آئندہ سماعت کے لیے 27 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
Comments
0 comment