6 hours ago
چکن کے زیادہ پیس کھانے پر دوست نے دوست کو قتل کردیا
Webdesk
|
2 Sep 2026
ممبئی: بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع بیلگاوی میں کھانے کے دوران چکن کے زیادہ ٹکڑے کھانے پر ہونے والے معمولی تنازع نے خوفناک رخ اختیار کر لیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان اپنے ہی دوست کے ہاتھوں قتل ہو گیا۔
بھارتی میڈیا اور پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سیتارام جبکہ ملزم کی شناخت ارون کمار کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں دوست ایک مقامی اسٹیل فلٹرنگ اور مینوفیکچرنگ کمپنی میں ملازم تھے اور ایک ہی کمرے میں رہائش پذیر تھے۔
اتوار کی رات دیگر ساتھیوں کے ساتھ ڈنر کے دوران پلیٹ میں رکھے چکن کے ٹکڑے زیادہ کھانے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔
اسی اثنا میں ارون کمار نے طیش میں آ کر کچن سے تیز دھار چاقو اٹھایا اور سیتارام کے سینے پر پے در پے وار کر دیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
واردات کے بعد ملزم نے پولیس کو گمراہ کرنے اور اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی اور زخمی سیتارام کو قریبی سرکاری اسپتال منتقل کر دیا۔ اسپتال کے عملے اور ڈاکٹروں کو اس نے بتایا کہ سیتارام عمارت کی چھت سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوا ہے، تاہم سیتارام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
ڈاکٹروں نے سیتارام کے جسم پر تیز دھار آلے سے لگنے والے زخموں کے نشانات دیکھ کر فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم ارون کمار کو حراست میں لیا اور جب اس سے کڑی تفتیش کی تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
Comments
0 comment