مون سون کے 11 ویں اسپیل کا الرٹ جاری

Webdesk
|
14 Sep 2025
سکھر: پنجاب کے دریائوں سے آنے والا سیلاب سندھ میں مختلف مقامات پر تباہی مچارہا ہے، گڈو بیراج پر اونچے، سکھر بیراج پر درمیانے جبکہ کوٹری پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پنجاب میں مون سون کے 11 ویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں دریائے سندھ کی لہریں تیز ہونے پر کچے کے متعدد دیہات زیر آب آگئے، 30 فیصد سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
سکھر ڈویژن بھر سے اب تک 75 ہزار سے زائد افراد جبکہ تقریبا 3 لاکھ مویشی ریسکیو کرلیے گئے۔گھوٹکی میں قادرپور اور رونتی کے متعدد دیہات زیر آب آنے سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔
دادو کی تحصیل میہڑ کے کچے میں بھی دریا کی سطح میں بلند ہوگئی جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک کا ریلہ پہلے سے ہی سیلاب میں ڈوبے سیہون کی جانب بڑھ رہا ہے، جس سے اگلے ایک دو روز میں صورتحال مزید المناک ہونے کا خدشہ ہے۔
نواب شاہ میں بھی سیلاب سے 20 سے زائد دیہات ڈوب گئے، متاثرین کو گھریلو سامان، مال مویشی اور اناج کے ساتھ محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق پنجند کے مقام پر پانی کے بہا میں کمی کا رجحان ہے البتہ قریبی علاقوں میں سیلاب کے اثرات برقرار ہیں۔
Comments
0 comment