میر رضا کیس، پولیس 40 روز بعد بھی ملزم کا سراغ نہ لگاسکی

میر رضا کیس، پولیس 40 روز بعد بھی ملزم کا سراغ نہ لگاسکی

پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے عبوری چالان میں کسی شخص کو ملزم نامزد نہیں کیا گیا
میر رضا کیس، پولیس 40 روز بعد بھی ملزم کا سراغ نہ لگاسکی

Webdesk

|

7 Sep 2026

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تفتیش تاحال مکمل نہ ہوسکی، پولیس نے ملزم کا سراغ لگانے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے عبوری چالان جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق میر رضا کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے عبوری چالان میں کسی شخص کو ملزم نامزد نہیں کیا گیا، جبکہ میر رضا کے اہلخانہ، دوستوں اور کاروباری شراکت داروں سمیت مجموعی طور پر 53 افراد کو گواہوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

چالان کے مطابق مقدمے میں اغوا، قتل اور شواہد مٹانے کی دفعات شامل ہیں۔ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج، یو ایس بی، موبائل فون ریکارڈ، مختلف افراد کے بیانات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف موبائل نمبروں کی کالز اور باہمی رابطوں کی تفصیلات بھی حاصل کی گئیں۔

پولیس کے مطابق دستیاب شواہد کی بنیاد پر مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور مزید شواہد کی فرانزک جانچ کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے، تاہم اب تک تفتیش میں کوئی قابلِ ذکر پیش رفت نہیں ہوسکی۔

عبوری چالان میں بتایا گیا ہے کہ میر رضا کے موبائل فون، ایپل واچ، سم کارڈ کے ڈیٹا، بائنانس اکاؤنٹ کی تفصیلات اور کاروباری شراکت داروں کے موبائل فونز کی فرانزک رپورٹس موصول ہونا باقی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج پر مشتمل ایک یو ایس بی کی فرانزک رپورٹ بھی تاحال زیر التوا ہے۔

چالان کے مطابق میر رضا کی گمشدگی کا سب سے پہلے اس کی منگیتر نے نوٹس لیا۔ 28 جولائی کی رات تقریباً 3 بجے منگیتر نے میر رضا کے تمام سماجی رابطوں کے کھاتے غیر فعال دیکھے، بعدازاں فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی جواب نہیں ملا۔ منگیتر نے ہی میر رضا کے دوستوں کو صورتحال سے آگاہ کیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے حتمی چالان پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے پولیس کو 21 ستمبر تک حتمی چالان جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!