میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے حوالے سے اہم خبر
Webdesk
|
13 Jul 2024
کراچی : آئندہ سال سندھ میں ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے حوالے سے اہم خبر آگئی، 2025 کے امتحان میں ہم ای مارکنگ کی جانب جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے انٹر بورڈ کراچی میں اسٹوڈینٹ فیسیلیٹیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو میں کہا کہ ہم نے سندھ کے وزیر تعلیم کو ان بورڈ لے لیا ہے۔
آئندہ برس سے پورے سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مارچ سے بتدریج شروع ہو جائیں گے، ہم پورے ملک کے ساتھ بیک وقت امتحانات لیں گے۔
وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ سے جب پوچھا گیا کہ سندھ میں بدترین گرمی میں امتحانات کیوں کروائے جاتے ہیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر وزیر تعلیم سے بات کر کے ہیں آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔
سندھ کی جامعات میں وائس چانسلر کی تقرری میں تاخیر پر کیے گئے سوال پر وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے بتایا کہ کراچی کی لا یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تقرری کا طریقہ کار اب تبدیل کررہے ہیں ۔
سفارش کی گئی ہے کہ وائس چانسلر کے لیے عمر کی حد 62 سے بڑھاکر 65 برس کردی جائے کیونکہ 62 برس کی حد کے تحت جنھوں نے انٹرویو دیے ان میں سے کوئی انٹرویو پاس نہیں کرسکا جس کے بعد یہ اصولی فیصلہ ہوا ہے۔
علاہ ازیں وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ محمد علی ملکانی کا کہنا تھا کہ ہم پورے سندھ میں ٹیکنالوجی بیس اسسمنٹ پر جائیں گے اور اسسمنٹ میں انسانی ہاتھ کا دخل کم سے کم کررہے ہیں۔
Comments
0 comment