ن لیگ سے مذاکرات کیے تو اُن کی حکومت چلے جائے گی، عمران خان

ن لیگ سے مذاکرات کیے تو اُن کی حکومت چلے جائے گی، عمران خان

میں کب سے مذاکرات کی بات کررہا ہوں، یہ اپنے لیے نہیں بلکہ ملک کیلیے کررہا ہوں، بانی پی ٹی آئی
ن لیگ سے مذاکرات کیے تو اُن کی حکومت چلے جائے گی، عمران خان

ویب ڈیسک

|

22 Jun 2024

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ سے ہم کیا مذاکرات کریں اور کیا موسم کی بات کریں ، اگر مذاکرات کیے تو ان کی حکومت چلی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ میں اپنی ذات یا حکومت کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کیلئے مذاکرات کرنا چاہتا ہوں ، پہلے بھی کہا تھا اگر میرے پیچھے ہٹنے سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے مجھے مطمئن کریں  میں  پیچھے ہٹ جاتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ مذاکرات ایسے نہیں ہوتے، محمود خان اچکزئی اگر کوئی پیشکش لے کر آئیں  گے تو پھر مذاکرات کرنے کا سوچیں گے، ہم نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی اتحاد کے ساتھ بات کرنے کی اجازت دی ہے، (ن )لیگ سے ہم کیا مذاکرات کریں  اور کیا موسم کی بات کریں۔

بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ اگر ن لیگ کے ساتھ مذاکرات کیے تو ان کی حکومت چلی جائے گی۔ انہوں  نے کہا کہ اس وقت ملک بحرانی کیفیت میں ہے اور حکومت نے اپنے خرچے کم نہیں کررہی جو تکلیف دہ بات ہے، موجودہ حکومت ملک میں  سرمایہ کاری کا ماحول نہیں  بناسکی، ملک کو سرجری اور مینڈیٹ والی حکومت کی ضرورت ہے جو ریفارمز کرکے ملک کو بچا سکے کیوں کہ پاکستان اس وقت زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ نے ثابت کیا کہ مینڈیٹ کے بغیر حکومت ریفارمز نہیں  کرسکتی، پروفیشنل افراد اور قوم پر ٹیکسوں  کی بارش کردی گئی ہے، یکم جولائی کو آنے والے بجلی کے بلوں کے بعد قوم کے ہوش اڑ جائیں  گے، لوگوں  کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے، ایسی قانون سازی کی گئی ہے کہ حوالہ ہنڈی سے پیسہ ملک سے باہر بھیجنے کو روکنے کا طریقہ ہی موجود نہیں۔ 

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کے پی میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر گنڈا پور سے کیے گے وعدے کو توڑا گیا، میرے چھوٹے سے کمرے میں  پنکھا بند ہو تو وہ اوون بن جاتا ہے اور کے پی میں  تو 22 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، بجلی کی چوری پرانا مسئلہ ہے، حیدر آباد، سندھ، کوئٹہ میں  بھی بجلی چوری ہوتی ہے، خیبر پختون خوا کے عوام علی امین گنڈا پور کو برا بھلا کہہ رہے ہیں  وہ کہاں  جائے۔ 

انہوں نے کہاکہ میں  نے علی امین گنڈا پور سے ملاقات سے کبھی انکار نہیں کیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل میرے ملاقاتیوں  کی فہرست سے نام نکال دیتا ہے، ملک میں  کون سی سے ایسی پارٹی ہے جس میں گروپنگ موجود نہیں  ہے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!