نادرانے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

نادرانے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

نادرا کی اس نئی سہولت کی بدولت شہریوں کیلیے جانشینی سرٹیفکیٹ کا حصول مزید آسان ہوگیا ہے
نادرانے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

Webdesk

|

10 Aug 2025

کراچی:نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کیلیے جانشینی سرٹیفکیٹ کا حصول مزید آسان بنا دیا۔

نادرا کی طرف سے جاری کیے گئے ایک نئے نوٹیفکیشن کے مطابق اب وراثتی جائیداد پاکستان کے کسی بھی صوبے میں ہو، قانونی ورثا اس کا جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی درخواست اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں (پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا)اور گلگت بلتستان میں نادرا دفاتر اور دیگر مقامات پر قائم 186 جانشینی سہولت مراکز یا سکسیشن فیسلیٹیشن یونٹس پر جمع کرا سکتے ہیں۔

اسی طرح قانونی ورثا کی بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی مزید بہتر بنا دی گئی ہے اور اب یہ کارروائی کسی بھی مقررہ قریبی مرکز میں جا کر مکمل کی جا سکتی ہے یا قانونی ورثا اس مقصد کیلیے نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

سابقہ طریقہ کار کے تحت جانشینی سرٹیفکیٹ کی درخواست صرف اسی صوبے میں جمع کرانا لازم تھا جہاں وراثتی جائیداد موجود ہو جس کی وجہ سے دیگر شہروں میں مقیم شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

نادرا نے پہلے مرحلے میں بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر متعارف کرائی تاہم درخواست جمع کرانے کیلیے متعلقہ صوبے کی شرط اب بھی موجود تھی۔

نادرا کی اس نئی سہولت کی بدولت شہریوں کیلیے جانشینی سرٹیفکیٹ کا حصول مزید آسان ہوگیا ہے اور وہ کسی بھی صوبے کے متعلقہ نادرا دفتر  جہاں جانشینی سہولت مرکز قائم ہو  میں اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

بائیو میٹرک تصدیق کیلیے قانونی ورثا نہ صرف نادرا کے کسی بھی مرکز پر آ سکتے ہیں بلکہ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ترجمان نادرا کے مطابق اس سلسلے میں نادرا ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تمام متعلقہ دفاتر کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور شہری اب اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!