انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں تاخیر، طلباء پریشان

Webdesk
|
25 Apr 2025
کراچی : انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات تاخیر کا شکار ہے ، جس سے طلبا پریشانی میں مبتلا ہیں تاہم ذرائع انٹربورڈ کا کہنا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں انٹر کے امتحانات کا شیڈول جاری ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق انٹر امتحانات ، امتحانی شیڈول اور مراکز کو تاحال حتمی شکل نہ دی جاسکی، مستقل چیئرمین کراچی انٹربورڈکی عدم تعیناتی سے امتحانی اورانتظامی امور شدید متاثر ہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈغلام حسین سوہونویں اور دسویں کے امتحانات میں مصروف ہیں، غلام حسین سوہو کو انٹر بورڈ چیئرمین کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ یہ امتحانات اب مئی کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہوں گے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان محکمہ تعلیم یا بورڈ انتظامیہ کی جانب سے تاحال سامنے نہیں آسکا ہے۔
خیال رہے سندھ بھر میں 28 اپریل سے گیارہویں و بارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہونا ہے تاہم اب تک طلبا کو تاحال نا امتحانی شیڈول ملا نا ایڈمٹ کارڈ فراہم کیے جاسکے ہیں جبکہ شہر بھر میں کتنے اور کونسے امتحانی مراکز قائم ہونگے فیصلہ نہیں ہوسکا۔
امتحانات میں تاخیر نتائج میں بھی تاخیر کا سبب بنے گی، جس سے جامعات کے داخلوں اور سیشن کے آغاز میں بھی تاخیر ہوگی۔
Comments
0 comment