انٹرمیڈیٹ کے طلباء کے لئے اہم خبر

Webdesk
|
29 Apr 2025
کراچی: اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے چیئرمین کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے امیدواروں کی ماڈریٹڈ مارکس شیٹ 30اپریل کو جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
انٹربورڈ نے یہ اقدام سندھ کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں کیا ہے۔ یاد رہے صوبائی کابینہ نے خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ان طلبہ کو گریس مارکس دینے کی منظوری دی تھی جو انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024 میں شریک ہوئے تھے۔
خصوصی کمیٹی کی جانب سے دیئے گئے فارمولے کے مطابق طلبہ کو کیمسٹری میں 20فیصد جبکہ فزکس اور ریاضی میں 15,15فیصد اضافی نمبرز دیئے جائیں گے۔
انٹربورڈ کراچی نے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پرانی مارکس شیٹ چونکہ اب منسوخ ہوچکی ہیں لہذا طلبہ کو ماڈریٹڈ مارکس شیٹ ان سے پرانی مارکس شیٹ لینے کے بعد ہی جاری کی جائیں۔
تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے طلبہ سے پرانی مارکس شیٹ واپس لے کر بورڈ کے متعلقہ سیکشن میں جمع کروائیں گے۔
دوسری جانب اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ 05مئی 2025 سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس کے سالانہ امتحانات برائے 2025 کے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز تیار ہوگئے ہیں۔
کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے نمائندے اپنے تعلیمی اداروں کے سربراہان کے اتھارٹی لیٹرز کے ساتھ بروز بدھ 30اپریل 2025 سے بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن سے اپنے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز وصول کرلیں۔
درج بالا گروپس کے امپروومنٹ آف گریڈ، ایڈیشنل سبجیکٹ اور اسپیشل چانس کے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز ان کی جانب سے دیئے گئے پتوں پر روانہ کردیئے گئے ہیں۔
Comments
0 comment