پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت میں شدید کشیدگی

8 hours ago

پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت میں شدید کشیدگی

واقعے کے زبعد پاکستان نے الزامات کو بھی مسترد کردیا
پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت میں شدید کشیدگی

ویب ڈیسک

|

23 Apr 2025

بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پاہلگام میں منگل کے روز پیش آنے والے مہلک حملے کو بھارت میں "سیکیورٹی کی بڑی ناکامی" قرار دیا جا رہا ہے، جس میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک ہو گئے۔ واقعے کے وقت علاقے میں کسی قسم کی سیکیورٹی موجود نہیں تھی، جس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

واقعے کے بعد بھارتی میڈیا اور ہندو انتہا پسند جماعتوں نے پاکستان مخالف بیانیہ شدید کر دیا ہے۔ بھارتی نیوز چینلز مسلسل کشمیری مسلمانوں اور پاکستانی فوج کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں، جبکہ ہندو قوم پرست جماعتیں اشتعال انگیز بیانات دے کر عوام میں نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں اور پاکستان کے خلاف بدلہ لینے کی کھلی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

پاکستان نے حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے اندرونی مسائل، ناگالینڈ، چھتیس گڑھ اور منی پور جیسے علاقوں میں جاری بغاوتیں اور اقلیتوں پر مظالم ایسے واقعات کی بنیادی وجہ ہیں۔

انہوں نے حملے کو "ریاستی جبر کے خلاف اندرونی بغاوت کی علامت" قرار دیا۔

 

ادھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے مقبوضہ کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حملے کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے کہا ہے کہ "بھارت کے امن کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں پاکستان کی ہدایات پر کی جا رہی ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا، "اگر ہمارے درمیان کچھ لوگ ایسے عناصر کو پناہ دیتے ہیں اور پھر مظلومیت کا دعویٰ کرتے ہیں تو یہ کسی صورت جائز نہیں ہو سکتا،" جو کہ کشمیری حریت پسند گروہوں پر ایک بالواسطہ تنقید تھی۔

واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!