پاکستان کی دریا دلی، انسانی ہمدردی کے تحت 150 ٹرک واہگہ سے بھارت بھیج دیے

ویب ڈیسک
|
2 May 2025
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے ساتھ معطل تجارتی تعلقات کے باوجود افغانستان سے آنے والے 150 ٹرکوں کو بھارت جانے کی اجازت دے دی۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ افغان سفارتخانہ کی درخواست پر کیا گیا۔
پاکستان نے افغانستان کے ساتھ بھائی چارے کے تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے 25 اپریل 2025 سے قبل داخل ہونے والے 150 افغان ٹرکوں کو واہگہ بارڈر سے گزرنے دیا۔ یہ ٹرک بھارت کے لیے ٹرانزٹ مال لے کر جا رہے ہیں۔
افغان سفارتخانہ کی جانب سے فراہم کردہ ٹرکوں کی فہرست متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی تھی۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب پاکستان نے گزشتہ ہفتے بھارت کے ساتھ تمام تجارتی اور سفری تعلقات معطل کر دیے تھے۔ یہ فیصلہ مقبوضہ کشمیر میں حملے کے بعد بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کے جواب میں لیا گیا تھا۔
پاکستان نے بھارت کے سندھ طاس معاہدہ کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے فیصلے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے حصے کا پانی روکنا **"جنگ کے مترادف"** ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اضافی ٹرک رکے ہوئے ہیں تو ان کی تفصیلات جلد شیئر کی جائیں گی۔ یہ فیصلہ خطے میں کشیدگی کے باوجود انسانی ہمدردی اور علاقائی تجارتی مفادات کو متوازن کرنے کی کوشش ہے۔
Comments
0 comment