پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف تاریخی ڈوزیئر جاری کردیے

ویب ڈیسک
|
19 May 2025
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جارحیت اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے ناقابل تردید شواہد پیش کرتے ہوئے ایک جامع ڈوزیئر جاری کیا ہے، جس میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیوں اور بھارت کی فوجی بداخلاقیوں کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے ڈوزیئر میں سیٹلائٹ تصاویر، بین الاقوامی میڈیا رپورٹس اور مستند دستاویزات کے ذریعے بھارتی جارحیت کے ثبوت پیش کیے گئے ہیں۔
پاکستان نے اپنے دفاع میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ بھارت نے شہری آبادیوں پر حملے کیے۔ پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی میڈیا اور ریاستی اداروں کی جانب سے منظم طور پر جھوٹی خبریں اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا پھیلایا گیا۔
بھارتی حملوں میں معصوم پاکستانی شہری، بشمول بچے اور خواتین، شہید ہوئے۔
ڈوزیئر میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے بھارت کو مخلصانہ پیشکش کی، لیکن بھارتی حکومت نے اسے مسترد کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا اور خود بھارتی سیاستدانوں نے بھی بھارتی فوج اور میڈیا کے کردار پر سوالات اٹھائے۔ پاکستانی فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا، جس نے بھارت کو اس کی حد دکھا دی۔ اس آپریشن میں پاکستان نے صرف ان فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جن سے پاکستانی شہریوں پر حملے کیے گئے تھے۔ ڈوزیئر میں بھارتی فوجی نقصانات کے واضح شواہد بھی پیش کیے گئے ہیں۔
سفارتی ماہرین کے مطابق، پاکستان نے اس ڈوزیئر کے ذریعے نہ صرف بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا ہے، بلکہ سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان نے حقائق اور شواہد کی بنیاد پر بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو خاک میں ملا دیا ہے۔
Comments
0 comment