پاسپورٹ پر موجود اسرائیل سے متعلق لائن ہٹائے جانے کی افواہوں پر سینیٹرز کو وضاحت پیش
ویب ڈیسک
|
7 Nov 2025
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں ڈی جی پاسپورٹ نے نئے پاسپورٹ ڈیزائن سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں پر وضاحت پیش کر دی۔
اجلاس میں سینیٹرز نے اس معاملے پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈا کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کیں۔ ڈی جی پاسپورٹ نے کمیٹی کو بتایا کہ نئے پاسپورٹ میں صرف ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز میں بہتری لائی گئی ہے، تاہم اسرائیل سے متعلق شق بدستور پاسپورٹ پر درج ہے۔
کمیٹی ارکان نے شہریوں کے پاسپورٹ مسائل حل کرنے اور نظام میں بہتری لانے پر ڈی جی پاسپورٹ کو سراہا۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ پاکستان نے اپنے پاسپورٹ سے “یہ اسرائیل کے لیے قابلِ استعمال نہیں” والی عبارت ہٹا دی ہے۔ تاہم حکومتِ پاکستان نے اس خبر کی واضح تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ محض جھوٹی اور گمراہ کن رپورٹنگ ہے۔
بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ پاکستان غزہ میں 20 ہزار فوجی بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے، جسے سرکاری حکام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔
Comments
0 comment