پی ٹی آئی میں اختلافات؟ عمر ایوب نے استعفی دے دیا
Webdesk
|
27 Jun 2024
پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کی باز گشت کے دوران سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے اپنے عہدے سے اچانک استعفیٰ دے دیا۔
عمر ایوب نے اس حوالے سے عمران خان کو خط بھی ارسال کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ پارلیمانی ذمہ داریوں کی وجہ سے پارٹی کو وقت دینے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے جدوجہد متاثر ہورہی ہے۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے میرا استعفیٰ قبول کرنے پر میں وزیراعظم عمران خان صاحب کا بے حد مشکور ہوں۔ میں نے استعفیٰ پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے اپنے کردار پر توجہ دینے کے لیے دیا ہے ۔
عمر ایوب نے لکھا کہ میں نے اپنا استعفیٰ 22 جون 2024 کو وزیراعظم عمران خان صاحب اور چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان صاحب کے نام اپنے خط کے ذریعے پیش کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز صاحب نے آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان صاحب کو میرا پیغام پہنچایا۔وزیراعظم عمران خان صاحب کی ہدایت کے مطابق آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے میں مزید تبدیلیاں کی جائیں گی۔
عمر ایوب نے مزید لکھا کہ میں پی ٹی آئی فیملی کے تمام ممبران، پارلیمنٹرینز، اور تنظم آفس ہولڈرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان صاحب اور پی ٹی آئی کے لیے انتھک محنت اور بہادری سے زبردست مشکلات کا مقابلہ کیا۔
Comments
0 comment