پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں بڑی پیشرفت
ویب ڈیسک
|
23 Dec 2024
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا آغاز آج سے ہونے جارہا ہے اور حالات میں بہتری کی امید بھی نظر آرہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ہاؤس کسٹوڈین کی حثیت سے ذمہ داری انجام دیتے ہوئے مذاکرات کے حوالے سے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کو آج اپنے چیمبر میں طلب کرلیا ہے۔
کمیٹیوں کی بیٹھک ان کیمرا ہوگی جس میں مذاکرات کے دوران پی ٹی آئی اپنے مطالبات پیش کرے گی۔ تحریک انصاف کی جانب سے دو مطالبات انڈر ٹرائل قیدیوں کی رہائی اور 9 مئی، 26 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری پیش کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن سے مذاکرات پر امید باندھ لی ہے کہ ’بات چیت میں ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔‘
حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سینیٹر عرفان صدیقی، وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ، پی پی پی کے راجا پرویز اشرف، نوید قمر، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، آئی پی پی کے علیم خان اور ق لیگ کے چوہدری سالک شامل ہوں گے۔
تحریک انصاف کی کمیٹی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا، اسد قیصر مذاکراتی عمل کا حصہ ہوں گے۔
مذاکرات کی مثبت پیشرفت کے حوالے سے ایک اہم خبر سامنے یہ آئی کہ عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ جسے آج سنایا جانا تھا اُسے مؤخر کردیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کےلیے وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کا خیر مقدم کیا اور دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کو ملاقات کی دعوت دے دی۔ دونوں کمیٹیوں کا پہلا اجلاس اسپیکر چیمبر میں پیر کو دن ساڑھے 11 بجے ہوگا۔
ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔
Comments
0 comment