پیپلز پارٹی نے کراچی کو لسانی بنیادوں پر سات اضلاع میں تقسیم کردیا، مصطفی کمال
Webdesk
|
31 Aug 2026
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے آج تک کراچی کے عوام اور ان کی درست مردم شماری کو تسلیم نہیں کیا، اب ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا۔
اورنگی ٹان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کا پانی کراچی کے عوام ہی سے چوری کرکے ٹینکرز کے ذریعے فروخت کیا جا رہا ہے۔
ایک ٹینکر 8 سے 12 ہزار روپے میں فروخت ہوتا ہے اور اس کاروبار سے ماہانہ اربوں روپے کمائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی آبادی ڈیڑھ کروڑ کے قریب ہے لیکن اسے ایک ہی ضلع رکھا گیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو لسانی بنیادوں پر سات اضلاع میں تقسیم کردیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو انتظامی بنیادوں پر نہیں بلکہ لسانی بنیادوں پر تقسیم کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما نے الزام عائد کیا کہ دبئی میں جائیدادوں کی قیمتیں اس لیے بڑھ رہی ہیں کہ سندھ کا پیسہ لوٹ کر وہاں منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے سے بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئی ہیں۔
مصطفی کمال نے پمز اسپتال کے افسوسناک واقعے میں 14 بچوں کی جاں بحق ہونے پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ معصوم بچوں کا اس طرح جان سے چلے جانا انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
Comments
0 comment