قومی اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا
ویب ڈیسک
|
29 Feb 2024
قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں آغاز پر تلاوت کلام پاک، حمد و ثنا، نعت اور پھر قومی ترانہ پڑھا گیا۔
اس کے بعد اراکین نے حلف اٹھایا اور پھر اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا، حلف برداری کے بعد سنی اتحاد کونسل کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی۔
وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی ہفتے کو دن 2بجے تک جمع ہوں گے اور کاغذات کی اسکروٹنی تین بجے ہوگی۔
قومی اسمبلی کے آج منعقد ہونے والے اجلاس میں 282ممبران قومی اسمبلی نے حلف اٹھایا اور رول آف ممبر پر دستخط کیے جس میں نامزد اسپیکر سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر، آصف زرداری، بلاول بھٹو، نواز شریف، نامزد وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور لیگی رہنما مریم اورنگزیب بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھیں۔
آزاد اراکین بانی پی ٹی آئی کے ماسک پہن کر ایوان آئے اوراحتجاج کیا، آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے جھنڈے بھی ایوان میں لے آئے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین نے اسپیکر نشست پر کھڑے ہوکر بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
Comments
0 comment