54 mins ago
میر رضا کے لیے احتجاج، 100 مظاہرین کے خلاف بلوے کا مقدمہ درج
ویب ڈیسک
|
27 Aug 2026
کراچی کے تاجر میر رضا کے انصاف کیلیے نرسری کے مقام پر احتجاج کے دوران شارع فیصل بلاک کرنے والے مظاہرین کے خلاف بلوے، اشتعال پھیلانے، سڑک بلاک کرنے، کار سرکار میں مداخلت اور نعرے بازی کرنے پر تھانہ فیروز آباد میں 100 سے زائد مظاہرین کے خلاف پولیس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی سب انسپکٹر محمد نظام کی مدعیت میں درج ایف آئی آر نمبر 898/26 کے تحت کی گئی۔
مقدمے کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 27 اگست کو رات گئے نرسری بس اسٹاپ کے قریب تقریباً 100 افراد ڈنڈے اور بینرز اٹھائے جمع ہوئے اور انہوں نے صدر سے ایئرپورٹ جانے والے مین ٹریک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا۔ مظاہرین کے بینرز پر "میر رضا علی کے قاتلوں کو گرفتار کرو" کے مطالبات درج تھے اور وہ شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس موبائلوں پر موجود افسران اور اہلکاروں نے مظاہرین کو سمجھانے اور راستہ کھولنے کی کوشش کی، تاہم مظاہرین نے پیش رفت ماننے کے بجائے بدکلامی، گالی گلوچ اور سرکاری کام میں مداخلت جاری رکھی۔
مقدمے میں 20 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن میں عدنان رضا، دانش رحمان، دانش رضا، فیضان موٹا، حمزہ خان، رضا حسن سوریا، علی زبیر عرف زبیری، طلحہ، علی زہیب، شہریار جبین زی، سبطین، عمار، عبداللہ، ضرار خالد، احمد، بلال خان، جمیل، طلحہ شیخ، بابر حمید، اور شیخ طلحہ شامل ہیں، جبکہ دیگر 75 سے 80 نا معلوم افراد بھی شاملِ تفتیش ہیں۔
فیروز آباد پولیس نے ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 147، 149، 186، 341 اور 504 کے تحت مقدمہ کیس انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
Comments
0 comment