1 hour ago
پمز آتشزدگی: تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم
ویب ڈیسک
|
26 Aug 2026
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکریٹری شاہد خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
کمیٹی آتشزدگی کی اصل وجہ، واقعے سے پہلے اور بعد کی صورتحال اور پورے واقعے کی ٹائم لائن کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ اسپتال کے عملے، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کیے گئے امدادی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
انکوائری میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آگ لگنے کے دوران نومولود بچوں، خصوصاً انتہائی نگہداشت کے محتاج بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے موجود ہنگامی طریقہ کار پر کس حد تک عمل کیا گیا۔
کمیٹی پمز میں موجود فائر سیفٹی نظام اور حفاظتی قواعد پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گی جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پمز کے انتظامی اور حفاظتی نظام میں ضروری تبدیلیوں کی تجاویز بھی دے گی۔
کمیٹی کو 48 گھنٹے میں فوری نوعیت کی سفارشات پر مشتمل عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات پر مبنی جامع رپورٹ پانچ روز میں جمع کرانا ہوگی۔
وزارت قومی صحت کو کمیٹی کے ارکان کو ضروری سہولیات اور تعاون فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
Comments
0 comment