رمضان آتے ہی قرآن مجید کی خریداری میں کئی گنا اضافہ
ویب ڈیسک
|
15 Mar 2024
ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی مسلمان عبادات میں مشغول ہوجاتے ہیں، جس کے لیے وہ خوب اہتمام بھی کرتے ہیں۔
اس ماہ مبارک میں مساجد آباد ہوتی ہیں جبکہ صدقات، عطیات و خیرات بھی بڑے پیمانے پر تقسیم کی جاتی ہے جبکہ فرزندان توحید روزہ رکھ کر بھی عبادت کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ ذکر اذکار، قرآن مجید کی تلاوت اور اسلامی کتابوں کے مطالعے کا ذوق بھی بڑھ جاتا ہے۔
رواں سال ماہ مقدس میں پاکستان بھر میں قرآن مجید کی خریداری میں لوگوں کا رجحان کافی حد تک بڑھ گیا ہے اور دکاندار نے تصدیق کی ہے کہ دو روز میں قرآن مجید، اسلامی کتب، تسبیح اور ٹوپیوں کی فروخت میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں دکانداروں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں اُن کی دکانداری کافی حد تک بڑھ جاتی ہے، ایسا ابتدائی ایام میں ہوتا ہے اور جیسے جیسے رمضان گزرتا ہے تو گاہکوں کا رش کم ہوجاتا ہے۔
تاہم دکانداروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ عید قریب آتے ہی ٹوپیوں، عطر، تسبیح کی مانگ بڑھ جاتی ہے اور اس کی فروخت میں تقریبا 60 سے 80 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔
Comments
0 comment